بنگلورو،13؍اپریل (ایس او نیوز) کرناٹک میں کورونا وائرس کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور تازہ معاملات سامنے آنے کے بعد جملہ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 247 تک پہنچ گئی ہے جس میں 59 صحت یاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج بھی ہوئے ہیں اور چھ لوگوں کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔
تازہ معاملوں میں چار مریض ایسے لوگ ہیں جو دھارواڑ کے 27سالہ نوجوان مریض (نمبر 194) کے رابطے میں آئے تھے اور اُس مریض کے بارے میں پتہ چلا تھا کہ وہ دہلی ہوکر آیا تھا۔ ان چار مثبت آنے والوں میں 55 سالہ، 36 سالہ اور 37 سالہ مرد حضرات کے ساتھ ساتھ ایک 74 سالہ خاتون بھی شامل ہیں۔
جبکہ تین دوسرے کورونا مثبت آنے والے مریض منڈیا سے تعلق رکھنے والے ایک 39 سالہ شخص (مریض نمبر 179) کے فیملی ممبرس ہیں، جبکہ مریض نمبر 179 دہلی میں دو لوگوں کے رابطے میں تھا جو منڈیا اور میسور کا دورہ کرچکے تھے۔ان تین کورونا پوزیٹیو مریض میں 39 سالہ کورونا پوزیٹیو شخص کی 60 سالہ والدہ، آٹھ سالہ بیٹی اور 18 سالہ بھانجا شامل ہیں۔
پیر کو باگلکوٹ سے صرف ایک کی رپورٹ پوزیٹو آئی ہے جو ضلع مدھول سے ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 27 سالہ نوجوان جس کی رپورٹ پیر کو پوزیٹو آئی ہے وہ باگلکوٹ کے 33 سالہ شخص کے رابطے میں تھا جس کی رپورٹ اس سے قبل کورونا پوزیٹو آئی تھی۔